�یں یوم جشن آزادی، خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

نشترہال پشاور میں تھیٹر ڈرامہ، باب خیبر تا پشاورسپورٹس کمپلیکس سائیکل ریس، پبی نوشہر ہ تا پشاور موٹر سائیکل ریلی اور آزادی فیسٹیول کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)78ویں یوم جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور محکمہ کھیل کے باہمی اشتراک سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں آزادی فیسٹیول کا انعقاد کیاگیا جس میں شاندار آتش بازی، لائٹس شو، میجک شو، جمناسٹک، مارشل آرٹس، نیلام گھر، روایتی رقص، علاقائی ثقافتی سرگرمیاں، فیمیلز اور بچوں کیلئے خصوصی تفریحی پروگرام منعقد کئے گئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف، ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر، جنرل منیجر محمد علی سیداور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میںکلچراینڈٹورازم اتھارٹی نے خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے باب خیبر جمرود باراز تا پشاور سپورٹس کمپلیکس سائیکل ریس کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ نثار احمد کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ جس میں خیبرپختونخوا کے تمام ڈویژن، سائیکلنگ کلب کے ساتھ ساتھ پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور اسلام آباد سائیکلنگ ٹیم شریک تھی۔15کلومیٹر سائیکل ریس پشاور سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی جس میں 50 سائیکلسٹ نے دو مختلف کیٹیگریز (سپورٹس اور چائنہ سائیکل) میں حصہ لیا۔

ریس کے اختتام پر وزیرکھیل سید فخر جہان نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ دریں اثناء ٹورازم اتھارٹی اور پشاور بائیکرز کلب کے زیراہتمام بائیک ریلی پبی نوشہرہ سے روانہ ہوئی اور جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی پشاورسپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی۔ جس میں 25 کے قریب بائیکرز شریک ہوئے۔صوبہ میں ثقافت کے فروغ کیلئے کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور تھیٹر کلب کے باہمی اشتراک سے نشترہال پشاور میں ''میں پاکستان ہوں '' کے عنوان سے جشن آزادی تھیٹر ڈرامہ منعقد کیا گیا۔

جس کی تحریر باطن فاروقی، ہدایات خالد خٹک جبکہ فنکاروں میں نوشابہ بی بی، ذوالقرنین حیدر، نورحسین، طاہر وہاب قریشی، عبدالجبار اور دیگر شامل تھے۔ ڈرامہ میں پاکستان سے محبت، ہم آہنگی، آباؤ اجداد کے خوابوں اور قربانیوں کی تعبیر موضوع تھا۔