اگست قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ،پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے ، بیرسٹر دانیال چوہدری

یہ آزادی قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت ، ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ،اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہاہے کہ 14اگست قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے،پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے جس کی قدر ہر پاکستانی پر فرض ہے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں یوم آزادی کے موقع پر وقار النسا پوسٹ گریجویٹ کالج میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب شایان شان انداز میں منعقد ہوئی ،جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، انجینئر قمر الاسلام راجہ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنرز، کالج کی پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے پوری قوم کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک لازوال حقیقت ہے جو قیامت تک انشاء اللہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے،اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کی جرات مندانہ اور موثر کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو شاندار کامیابی ملی جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔ انہوں نے تینوں مسلح افواج اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔

انہوں نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہر ممکن سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر پرچم کشائی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا جب کہ کالج کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔