ملک بھر کی طرح شہرقائد میں بھی یوم آزادی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح شہرقائد میں بھی یوم آزادی ،معرکہ حق جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں سے کیا گیا۔ جشن آزادی کے موقع پر شہرقائد میں مختلف مقامات پر تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ عمارتوں اور شاہراہوں کو برقی قمقوں،پاکستان کے جھنڈوں سے سجایاگیا اور سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمختلف مقامات پرپرچم کشائی ہوئی اور قومی ترانہ اور ملی نغمے گائے گئے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم آزادی پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔جشن آزادی کے موقع پرشہری سڑکوں پر امڈ آئے، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔