آزادی ہمیں اظہارِ رائے، عبادت، تعلیم، ترقی اور قومی خودمختاری کا حق دیتی ہے، ڈی جی لیویز بلوچستان

جمعرات 14 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر بلوچستان لیویز فورس کی مرکزی تقریب لیویز ہیڈکوارٹر کوئٹہ میں نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوئی۔ تقریب کی قیادت ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ بجایا گیا اور آزادی کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 14 اگست ہمارے لیے صرف ایک تاریخی دن نہیں، بلکہ یہ اُن قربانیوں کی یاد ہے جو ہمارے سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے وطن عزیز کے تحفظ، امن اور سالمیت کے لیے دیں۔ لیویز فورس نے ہر محاذ پر اپنے فرائض انتہائی جانفشانی، قربانی اور جذبے سے انجام دیے ہیں، چاہے وہ دہشت گردی کا مقابلہ ہو، امن و امان کی بحالی یا عوام کی خدمت لیویز فورس نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں لیویز کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ کیک کاٹا گیا اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ حب الوطنی کا والہانہ اظہار کیا گیا۔ڈی جی لیویز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لیویز فورس آئندہ بھی ملک و قوم کی خدمت، امن کے قیام اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، یہ وہ قیمتی تحفہ ہے جس کی بدولت ہم اپنے دین، تہذیب، اقدار، سوچ اور زندگی کو اپنی مرضی سے گزار سکتے ہیں۔

آزادی ہمیں اظہارِ رائے، عبادت، تعلیم، ترقی اور قومی خودمختاری کا حق دیتی ہے، یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ نعمت بے شمار قربانیوں، جدوجہد اور طویل سفر کے بعد حاصل ہوئی۔ ہمیں اس کی قدر بھی کرنی چاہیے اور اس کے تحفظ و فروغ کے لیے عملی کردار بھی ادا کرنا چاہیے۔ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی آزادی کا شعور رکھتی ہیں اور اسے سنوارنے کے لیے متحد ہو کر کام کرتی ہیں۔یومِ آزادی کی یہ تقریب اس بات کا عملی ثبوت تھی کہ بلوچستان لیویز فورس نہ صرف ایک سکیورٹی ادارہ ہے بلکہ عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کی ایک روشن علامت بھی ہے۔