اسلام آباد لائنز فاؤنڈر کلب کے زیرِ اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں 78ویں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) اسلام آباد لائنز فاؤنڈر کلب کے زیرِ اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں 78ویں جشنِ آزادی کی مناسبت سے ایک شاندار اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد لائنز فاؤنڈر کلب کے صدر، عہدیداران اور اراکین سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد جشنِ آزادی کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت مہمانِ خصوصی شازیہ رضوان نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آزادی لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اس کی قدر اور حفاظت کے لیے متحد رہنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور ہر شہری کو ملک کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

78ویں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور پرچم کشائی کی گئی، جہاں شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا کو گونجایا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے راولپنڈی آرٹس گیلری کا دورہ کیا، جہاں قیامِ پاکستان اور آزادی کی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی تاریخی اور نایاب تصاویر کی نمائش کی گئی۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی تقریبات نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ اور قومی ورثے سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔