Live Updates

کشتواڑ، بادل پھٹنے کے باعث ہلاک ہو نے والے یاتریوں کی تعداد 56ہو گئی ، سینکڑوں لاپتہ

جمعہ 15 اگست 2025 13:22

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ایک دور افتادہ پہاڑی گائوں میں بادل پھٹنے سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 56ہو گئی ہے، جن میں بھارتی سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز ضلع کے دوردراز گائوں چشوتی میں بادل پھٹنے اور شدید بارشوں کے باعث آنے والے اچانک سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور سینکڑوں ہندویاتری بہہ گئے ہیں ۔

ہندو یاتری 25جولائی کو شروع ہونیوالی مژھل ماتا مندر یاتر ا کیلئے علاقے میں موجود تھے جو 5ستمبر کو اختتام پذیر ہو گی۔قابض حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے کیونکہ ابھی بھی سینکڑوں لوگ لاپتہ ہیں ۔

(جاری ہے)

38زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سیلاب میں علاقے میں موجود بھارتی فوجی کیمپ اور بس اسٹینڈ پر کھڑی متعدد گاڑیاں بھی بہہ گئی ہیں ۔

ہندو یاترویوں کیلئے قائم ایک لنگرخانے کو بھی سیلاب کے باعث شدید نقصان پہنچاہے جبکہ بھارتی فوج کی ایک چوکی سمیت کئی عمارتیں سیلاب میں منہدم ہو گئی ہے۔جموں سے تعلق رکھنے والے ایک ہندو یاتری نے میڈیا کو بتایا کہ اچانک شدید بارش شروع ہو گئی ۔ وہ پیدل سفر کر رہے تھے تاہم تھوڑی دیر بعد وہ سیلاب میں پھنس گئے ۔ سیلاب کے باعث سب کچھ بہہ گیا اور انہوں نے بمشکل اپنی جان بچائی ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات