بھارت نے کشمیری عوام کا بنیادی حقِ آزادی اور خودارادیت چھین رکھا ہے،رانا سرفراز

بھارتی افواج کی بھاری نفری نے پوری وادی کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا،رہنماء مسلم کانفرنس

جمعہ 15 اگست 2025 15:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)مسلم کانفرنس ویلی 3کے صدر و امیدوار اسمبلی ویلی 3 رانا سرفراز نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کا بنیادی حقِ آزادی اور خودارادیت چھین رکھا ہے، اس لیے اسے یومِ آزادی منانے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی بھاری نفری نے پوری وادی کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے اور وہاں لوگوں کی جان، عزت اور مال کبھی بھی محفوظ نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے حق اور انصاف کی اس جدوجہد میں بھارت کے تکبر کو خاک میں ملایا، جبکہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی یہ دوٹوک بات کہ اگر کشمیر کیلئے ایک نہیں، دس جنگیں بھی لڑنا پڑیں تو لڑیں گے، کشمیری عوام کے حوصلے کو مزید بلند کرنے کا باعث بنی، جسے افواج پاکستان نے عملی طور پر ثابت کر دیا۔

(جاری ہے)

رانا سرفراز نے کہا کہ آج عالمی برادری بھی اس حقیقت کو تسلیم کرنے لگی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی و کشمیری عوام بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر یومِ سیاہ منارہے ہیں تاکہ عالمی ضمیر کو بھارتی ریاستی جبر اور قبضے کی طرف متوجہ کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام نے 1947ء ہی میں پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر کے دنیا کو اپنا مؤقف بتا دیا تھا، لیکن بھارت نے طاقت کے زور پر قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے، اور آج تک مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے باوجود کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت سے کبھی پیچھے ہٹنے کا سوچا بھی نہیں۔رانا سرفراز نے کہا کہ 14 اگست کو یومِ آزادی پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منا کر کشمیریوں نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ان کا حقیقی مستقبل پاکستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔