یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب

جمعہ 15 اگست 2025 17:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام شہباز شریف اسپورٹس کمپلیکس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی تھے جبکہ راولپنڈی کی مختلف کھیلوں کی اکیڈمیز کے بچوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی پرچم کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ لہرائے جانے اور قومی ترانہ بجانے سے ہوا جس کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ڈی ایس او شمس توحید عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس پرچم کے سائے تلے ایک ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مہمان خصوصی نے بچوں میں پاکستان کے جھنڈے، بیجز اور قومی رنگوں کی ٹوپیاں تقسیم کیں تاکہ ان میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے آزادی کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خدمت، اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔