جشن آزادی پرآباد اورنیوٹیک کا نوجوانوں کیلئے مفت فنی تربیتی پروگرام کا آغاز

جمعہ 15 اگست 2025 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے اشتراک سے نوجوانوں کے لیے فنی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام وزیراعظم کے ''یوتھ انیشیٹیو'' کے تحت ملک کے نوجوانوں کو جدید تعمیراتی مہارتیں سکھانے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔

آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں تمام پاکستانیوں کو 78 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں آزادی کی قربانیوں اور اتحاد کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ برسوں میں پاکستان مزید مضبوط، مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

محمد حسن بخشی نے بتایا کہ جشن آزادی کی خوشی میں آباد اور نیوٹیک نوجوانوں کیلئے مفت فنی تربیتی کورسز کا تحفہ پیش کر رہے ہیں۔

اس پروگرام کے تحت 500 نشستیں مختص کی گئی ہیں جن میں منتخب امیدواروں کو بلڈنگ الیکٹریشن، پلمبنگ، بی آئی ایم (بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ) سمیت دیگر ہائی ڈیمانڈ کورسز کروائے جائیں گے۔ یہ تمام کورسز مکمل طور پر مفت ہوں گے اور ان کے اخراجات آباد اور نیوٹیک برداشت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ کورسز نہ صرف ملکی تعمیراتی صنعت میں اہم کردار ادا کریں گے بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔

محمد حسن بخشی کے مطابق، تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا اور آباد کے ممبران کی جانب سے روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عملی زندگی میں فوری قدم رکھ سکیں۔چیئرمین آباد نے مزید کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کیلئے عالمی معیار کی فنی تربیت حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ آج کی دنیا میں تعمیراتی شعبے میں ماہر افرادی قوت کی شدید ضرورت ہے اور یہ پروگرام نوجوانوں کو اس خلا کو پر کرنے کے قابل بنائے گا۔