Live Updates

پی ڈی ایم اے نے مون سون فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی

جمعہ 15 اگست 2025 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے مون سون فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں 28 ملی میٹر، راولپنڈی میں22 ، نارووال میں 13 جبکہ لاہور اور سیالکوٹ میں 11 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ17 اگست تک مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریائوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں کالاباغ، تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

اسی طرح دریائے چناب میں خانکی اور مرالہ کے مقام پر نچلے درجے اور دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

(جاری ہے)

دریائے جہلم اور راوی سمیت رودکوہیوں وبڑے دریائوں سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کا بہائو فی الحال معمول کے مطابق ہے، تربیلا ڈیم 96 فیصد، منگلا ڈیم 67 فیصد اور بھارتی ڈیمز 70 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں164 شہری جاں بحق، 582 زخمی، 216 گھر متاثر اور121 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریائوں اور نہروں میں نہانے سے سختی سے منع کریں، بارش کے دوران ریسکیو و ریلیف ادارے فیلڈ میں سرگرم رہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات