موسیٰ خیل میں یومِ آزادی کے حوالے سے پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد

جمعہ 15 اگست 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) یومِ آزادی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول موسیٰ خیل میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد آزادی کی اہمیت اور ہمارے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)بلال شبیر تھے، جن کے ہمراہ ایس پی پولیس کلیم اللہ کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر موسی خیل نجیب اللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔

سکول پہنچنے پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پرنسپل، سلامی دستے اور سکول کے اسٹاف نے پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ سلامی دستے نے مہمانوں کو پروٹوکول کے ساتھ ہال تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

ہال میں موجود شرکا نے تالیوں کی گونج اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج پائندہ باد‘‘ کے نعروں سے مہمانوں کا استقبال کیا۔

تقریب کے دوران طلبا نے قومی نغموں، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)بلال شبیر نے اسکول انتظامیہ کے بہترین انتظامات اور طلبا کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کے لیے 25,000 روپے اور طلبا کے اسٹڈی ٹور کے لیے 50,000 روپے کا نقد انعام کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ، تقریب میں حصہ لینے والے طلبا کے لیے بھی علیحدہ انعامات دیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے طلبا کو تعلیم پر توجہ دینے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔