جعلی حکومت نے یومِ آزادی پر بھونڈی اور غیر سنجیدہ روایات ڈال دیں ہیں، بیرسٹر ڈاکٹرسیف

جمعہ 15 اگست 2025 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے یومِ آزادی پر بھونڈی اور غیر سنجیدہ روایات ڈال دیں ہیں،قومی اعزازات کا جمعہ بازار لگا کر ان کی توقیر مجروح کی گئی، جعلی کابینہ کے اراکین میں اعزازات بانٹ کر ان کی قدر و قیمت کو پامال کر دیا گیا، عوام کے مسترد شدہ ٹولے کو اعزازات دینا عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ خواجہ آصف، عطا تارڑ، رانا ثنائاللہ، اعظم نذیر تارڑ اور بلاول بھٹو نے آخر کون سا کارنامہ انجام دیا ہے یہ تمام شخصیات ملک کے سب سے ناپسندیدہ چہروں میں شمار ہوتی ہیں، جعلی حکومت میں شرم و حیا نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، انہوں نے کہا کہ جعلی کابینہ کو اعزازات دینے سے بہتر تھا کہ زمین میں دھنس جانے کا راستہ تلاش کیا جاتا، کل کے سرکاری اشتہارات میں قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصاویر تک شامل نہیں تھیں، جعلی حکمرانوں نے اپنی ہی تصاویر شائع کروا دیں، جنہوں نے پاکستان بنایا تھا ان کی تصاویر غائب جنہوں نے ملک لوٹا ہے ان کے چہرے نمایاں تھے۔