بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کے ساتھ جرمن کمپنی کاویسٹ آئل ری سائیکلنگ پلانٹ کے قیام کے حوالے سے ورچوئل اجلاس

جمعہ 15 اگست 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کے ساتھ جرمن کمپنی نے ویسٹ آئل ری سائیکلنگ پلانٹ کے قیام کے حوالے سے اہم ورچوئل اجلاس منعقد کیا اس موقع پر ڈائریکٹر پروجیکٹس عبدالمنان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں حب اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کا انعقاد جرمنی سے تعلق رکھنے والے رانا کاشف کی خصوصی معاونت سے ہوا، جس میں منصوبے کی سرمایہ کاری، تکنیکی پہلوؤں اور خطے میں صنعتی ترقی کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جرمن سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LIEDA) کا معائنہ کر سکیں اور منصوبے کے نفاذ کے لیے روڈ میپ کو حتمی شکل دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ہماری حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ، شفاف اور پائیدار سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ حب اسپیشل اکنامک زون ایک اسٹریٹیجک لوکیشن پر واقع ہے جو نہ صرف مقامی صنعت کے فروغ میں مدد دے گا بلکہ خطے میں برآمدات کے امکانات کو بھی کئی گنا بڑھائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ آئل ری سائیکلنگ پلانٹ کا قیام نہ صرف ماحولیات کے تحفظ میں انقلابی قدم ہوگا بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولے گا، ہم چاہتے ہیں کہ یہ منصوبہ بلوچستان کی صنعتی ترقی کا ایک ماڈل بنے، جس سے دوسرے سرمایہ کار بھی متاثر ہوں۔