این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے، این ڈی ایم اے

جمعہ 15 اگست 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے، پچھلے 24گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات کے باعث خیبر پختونخوا میں 180افراد،گلگت بلتستان میں 5 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے ، این ڈی ایم اے ریسکیو اقدامات میں پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے۔

جمعہ کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو امدادی سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے، پچھلے 24گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات کے باعث خیبر پختونخوا میں 180افراد جاں بحق ہوئے جن میں 152 مرد،15خواتین اور13بچے شامل ہیں جبکہ شدید بارشوں سے گلگت بلتستان میں 5 اموات اور آزاد کشمیر میں 9 افرادکے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 23افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار امدادی کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ممکنہ طور پر مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، شہریوں سے گزارش ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ اگلے 5 تا6 روز تک شمالی علاقہ جات کے سفر سے گریز کریں۔