ملک میں چینی کی طلب پوری کرنے کےلئے سوکارکے ذریعے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) قائم کر دیئے گئے

جمعہ 15 اگست 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ملک میں چینی کی طلب پوری کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے پیش نظر 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لئے سوکار (SOCAR) کے ذریعے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) قائم کر دیئے گئے۔ یہ تمام ایل سیز باضابطہ طور پر کھولے اور متعلقہ بینکوں کے ذریعے ترسیل کر دی گئی ہیں۔ وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سوکار کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت چینی کی یہ کھیپ مرحلہ وار پاکستان پہنچائی جائے گی۔

(جاری ہے)

پہلی کھیپ آئندہ چند ہفتوں میں بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔ حکومت نے یہ اقدام اندرون ملک چینی کے ذخائر میں اضافے اور مستقبل میں کسی ممکنہ قلت یا قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھائو سے بچائو کے لئے کیا ہے۔ منصوبے کے تحت درآمدی چینی کو اوپن مارکیٹ میں رعایتی نرخوں پر عوام تک پہنچایا جائے گا۔ 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد سے مارکیٹ میں سپلائی کا تسلسل برقرار رہے گا۔ درآمدی چینی معیار کے عالمی تقاضوں پر پورا اترنے اور مقررہ مدت میں پاکستان پہنچنے کو یقینی بنایا جائے گا۔