نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دورہ برطانیہ منسوخ کردیا

ہفتہ 16 اگست 2025 12:05

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دورہ برطانیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر بہت افسوس ہے یہاں قومی امدادی سرگرمیوں اور ان سے یکجہتی کے لئے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرتا ہوں۔

ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں،جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، جو زخمی ہوئے، یا جن کے گھر اور روزگار تباہ ہو گئے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی جا سکے اور ریسکیو آپریشنز کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے، مسلح افواج اور مقامی انتظامیہ متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کرنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی ہے اور حکومت قریبی ہم آہنگی کے ساتھ فوری ضروریات کو پورا کرنے اور متاثرہ علاقوں کی طویل مدتی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں میرے نائب وزیرِاعظم انجیلا رینر، دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے، برطانوی وزیرِ مملکت برائے خارجہ ہیمش فالکنر اور ہاؤس آف کامنز و ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے ساتھ پہلے سے طے شدہ سرکاری شیڈول کے علاوہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی سے مجوزہ ملاقات منسوخ کر رہا ہوں۔

یہ فیصلہ ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، تعزیت اور قومی سطح پر جاری امدادی اور بحالی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ایونٹ کے تمام منتظمین سے دلی معذرت خواہ ہوں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں سے، چاہے وہ ملک میں ہوں یا بیرونِ ملک ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور جس حد تک ممکن ہو، امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔\932