اورنگی کی بیٹی کائنات انصاری، کو دنیا کی صفِ اوّل کی درسگاہ ہارورڈ گریجویٹ اسکول آف ایجوکیشن میں داخلہ مل گیا

ہفتہ 16 اگست 2025 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر، دی سٹیزنز فاؤنڈیشن (TCF) کو یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اُس کی سابق طالبہ، کائنات انصاری، کو دنیا کی صفِ اوّل کی درسگاہ ہارورڈ گریجویٹ اسکول آف ایجوکیشن میں داخلہ مل گیا ہے۔کائنات، جن کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے، تعلیم کے ذریعے ایک متاثرکن اور قابلِ فخر سفر طے کر کے آج پاکستان کے لیے ایک امید بن چکی ہیں۔

اُن کا تعلیمی سفر اُس دن شروع ہوا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ ایک ٹی سی ایف اسکول میں اپنے بھائی کا داخلہ کروانے گئیں، جہاں کی روشن کلاس رومز اور کھیلتی بچیوں کو دیکھ کر اُن کے دل میں بھی پڑھنے کا جذبہ بیدار ہوا۔''ایک دن آپ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ اسکول جا بھی پائیں گے یا نہیں، اور اگلے دن آپ ہارورڈ جانے کے لیے بیگ پیک کر رہے ہوتے ہیں،کائنات نے ناروے میں یونائیٹڈ ورلڈ کالجز کی اسکالرشپ حاصل کی، امریکہ میں چار سال کی مکمل اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کی، آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک سمسٹر گزارا، اور اب ہارورڈ میں داخلہ لے کر سب کو حیران کر دیا۔

(جاری ہے)

ضیا اختر عباس، صدر اور سی ای او ٹی سی ایف، نے کہا:''جب میں نے کائنات کو پہلی بار دیکھا، تو اُن میں ایک ناقابلِ شکست اعتماد تھا۔ آج وہ ثابت کر چکی ہیں کہ اگر موقع دیا جائے تو ہمارے بچے کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔''ٹی سی ایف کا ماننا ہے کہ تعلیم ہی اصل تبدیلی کی کنجی ہے۔ کائنات کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب ایک بچہ آگے بڑھتا ہے تو پوری قوم اُس کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔