تاریخی قرارداد کی منظوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ افتخار ہے، سلیم خاں قادری

ہفتہ 16 اگست 2025 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے بانی و چیف آرگنائزر محمد سلیم خاں قادری ترابی، کنوینئر ملک محمد شکیل قاسمی، اراکین ناصر حسین خاں، صاحبزادہ محمد صادق قریشی و دیگر نے تمام ممبران قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی 1500 سالہ تاریخی قرارداد کی منظوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ افتخار ہے۔

مقررین نے کہا کہ اس قرارداد کی منظوری اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے چراغ ہمیشہ روشن رہیں گے اور ان شاء اللہ تبارک و تعالیٰ اس سال پوری دنیا میں ولادت باسعادت کے جشن کو بڑے شان و شوکت اور عظیم الشان اہتمام کے ساتھ منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ 12 ربیع الاول دنیا کی سب سے بڑی عید ہے، یہ دن خوشی، رحمت، برکت اور امت کے اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے، تمام اہل اسلام گھروں، بازاروں، گلیوں، مساجد، مدارس، دفاتر اور گاڑیوں کو روشنیوں اور سجاوٹ سے آراستہ کریں تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام ملے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا، دلدار کی آمد مرحبا۔

انہوں نے کہا کہ سرکار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے پہلے ساری کائنات کو سجایا گیا اور پھر اس کائنات کو بسانے والے محبوب کو دنیا میں بھیجا گیا، یہ اعزاز و افتخار ہر کسی کے مقدر میں نہیں، بلکہ صرف امتِ محمدیہ کے نصیب میں لکھا گیا ہے۔مرکزی میلاد الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محض ایک تقریب نہیں بلکہ یہ ایمان و عقیدت، ایثار و محبت اور وحدت و اخوت کا عملی مظاہرہ ہے، اس موقع پر تمام مسلمان اپنے گھروں اور دلوں کو منور کریں اور میلاد کی محفلوں کا انعقاد کرکے عشقِ رسول کی خوشبو کو عام کریں۔

رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ 12 ربیع الاول کو اجتماعی طور پر میلاد کی دھوم مچائیں اور دنیا کو بتا دیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد ہی سب سے بڑی نعمت اور سب سے بڑی خوشی ہے۔