فلمسٹار شبنم نے زندگی کی 78 بہاریں دیکھ لیں

بنگال سے تعلق رکھنے والی اداکارہ شبنم نے تین عشروں تک پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کیا

اتوار 17 اگست 2025 11:00

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)تین عشروں تک پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی جھرنا باسک جسے دنیا شبنم کے نام سے جانتی ہے، آج اپنی 78ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔فلمسٹار شبنم کی پیدائش 17 اگست 1946کو ڈھاکا میں ہوئی۔ 1958 کی بنگالی فلم راج دھانیربوکے سے آغاز کرنے والی فنکارہ نہ صرف اپنی جاندار اداکاری بلکہ مکالموں کی سحر انگیز ادائیگی سے بھی دلوں پر نقش چھوڑتی گئیں۔

اداکارہ شبنم نے پاکستان کی پہلی اردو فلم چندا سے جو لوہا منوایا، وہ پھر کبھی زنگ آلود نہ ہوا۔ اداکارہ شبنم نے آئینہ، بندش، شمع و پروانہ، درشن، عندلیب اور دل لگی جیسی شاہکار تخلیقات میں اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنے لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر خوب راج کیا۔شبنم کی جوڑی محمد علی، وحید مراد، شاہد جیسے نامور اداکاروں کے ساتھ خوب بنی، مگر فلم بینوں کے دلوں پر سب سے گہری چھاپ ان کی اور ندیم کی جوڑی نے چھوڑی۔

(جاری ہے)

نامور اداکارہ کا فن اتنا تابناک ہوا کہ انہیں 13 بار نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، بعد ازاں 2019 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔فلمسٹار شبنم محض ایک اداکارہ نہیں بلکہ ایک عہد ہیں، اور وہ روشنی ہیں جس نے پاکستانی سینما کو جِلا بخشی اور جو آج بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔