بونیر ، شانگلہ اور سوات میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کا ریسکیو آپریشن جاری،مزید دستے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئے

اتوار 17 اگست 2025 12:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے جس کے تحت پاک فوج کے مزید دستے گزشتہ رات سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی اور بحالی کا کام سنبھال لیا جبکہ کور آف انجینئرز کے دستوں نے بھی سازو سامان سمیت کام کاآغاز کر دیا ہے اور موسم کی خرابی کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن میں مصروف ہیں ۔

آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق پاک فوج کا ایک دن کا راشن بھی ضرورت مند افراد تک پہنچایا جا رہا ہے،پاک فوج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں جہاں پر مفت ادویات اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔بونیر کے گاؤں چوراک میں پاک فوج کے دستے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں،آدم خیل میں تباہ شدہ مکانات کے ملبے تلے دبنے والے افراد کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے،تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی بھی کی گئی ہے جن میں راشن اور بستر شامل ہیں،پاک فوج کی جانب سے متاثرہ افراد کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔عوام نے تمام کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج سے اظہار تشکر کیا ہے۔