کل جماعتی حریت کانفرنس کا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہارافسوس

کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں

اتوار 17 اگست 2025 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ تباہ کن سیلاب نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک سخت آزمائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اکثر انسانوں کی برداشت کا امتحان لیتی ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اس کے عوام نے ہمیشہ صبر، حوصلے اور اتحاد کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور بے گھر ہونے والوں کی جلد بحالی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستانیوں کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے جنہوں نے ہمیشہ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طور پر ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے۔ اس لیے یہ ایک فطری عمل ہے کہ جب یہ ملک قدرتی آفات کا شکار ہوتا ہے تو کشمیری پاکستانی عوام کے دکھ درد بانٹتے ہیں۔