میرواعظ عمر فاروق، آغاسید حسن کا مولانا رحمت اللہ قاسمی کی والد ہ کے انتقال پراظہار تعزیت

اتوار 17 اگست 2025 13:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورمتحدہ مجلس علماء کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے سرکردہ عالم دین اور متحدہ مجلس علما ء کے نائب امیر مولانا محمد رحمت اللہ میر القاسمی کی والد ہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے مرحومہ کو ایک نہایت ہی پاکیزہ کردار اور بلند اطوار کی حامل نیک سیرت خاتون قرار دیتے ہوئے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ والدہ ماجدہ کا انتقال ایک ایسا ناقابل تلافی نقصان ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ۔انہوں نے مولانا قاسمی کو یقین دلایا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں وہ انکے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اللہ تبارک و تعالی سے مرحومہ کی مغفرت، جنت نشینی اور جملہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اورسینئر رہنما اورجموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔آغا سید حسن نے سرینگر میں ایک بیان میں لواحقین و پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور مرحومہ کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی۔ آغا حسن نے اس سلسلے میں مولانا رحمت اللہ میر قاسمی سے ٹیلیفون پر بات کرکے ان سے اظہار تعزیت کیا۔