اسرائیل نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ میں دھکیلنے کی تیاریاں شروع کر دیں

اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ پر قبضہ کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں،عرب میڈیا

اتوار 17 اگست 2025 14:15

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)اسرائیل نے فلسطینیوں کو جبرا 'جنگی مقامات' سے نکال کر جنوبی غزہ میں دھکیلنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب اسرائیل نے گزشتہ دنوں غزہ پر قبضے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ پر قبضہ کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل شمالی غزہ سے 10 لاکھ سے زائد فلسطینی شہریوں کو جبرا جنوبی غزہ میں دھکیل رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ کے شہریوں کو جنوب میں منتقل کرکے خیمے اور دیگر سامان اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔اقوام متحدہ کی جانب سے اسرائیلی منصوبے یا شہریوں کو امدادی سامان فراہم کرنے کے مبینہ کردار پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

البتہ 14 اگست کو اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ ہزاروں فلسطینی خاندان پہلے ہی غذائی قلت کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کو آگے بڑھانے سے وہ موت کے دہانے پر پہنچ جائیں گے۔

گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ فوج کو حماس کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں شمال میں غزہ سٹی اور جنوب میں al-Mawasi پر مکمل قبضے کی اجازت دے دی گئی ہے۔