بھارتی سماجی کارکن نے یوم آزادی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نام کر دیا

آزادی اس وقت تک ادھوری ہے جب تک ہم دوسروں کی آزادی کے لیے احساس پیدا نہ کریں،گفتگو

اتوار 17 اگست 2025 14:45

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)دہلی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر وپن کمار ترپاٹھی یوم آزادی کے موقع پر مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ کے نزدیک موجود تھے اور وہ زائرین میں بروشر تقسیم کر رہے تھے۔ترپاٹھی بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر 22 ماہ سے جاری غزہ میں اسرائیلی ریاست کی جنگ سے متعلق بیداری پیدا کر رہے تھے کہ اب غزہ کے فلسطینیوں پر اسرائیلی ریاست کی فوج نے انسانی قحط مسلط کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

77 سالہ ترپاٹھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر میں احساس بیدار کرنا چاہتا ہوں۔ آزادی اس وقت تک ادھوری ہے جب تک ہم دوسروں کی آزادی کے لیے احساس پیدا نہ کریں۔ خاص طور پر مظلوموں کی آزادی کی جدوجہد کے لیے آواز بلند نہ کریں تو یہ آزادی ادھوری ہے۔انہوں نے مزید کہا میں غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے بارے میں شعور پیدا کر رہا ہوں تاکہ لوگ جانیں کہ وہ کن مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ غزہ کے فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں۔ اسرائیلی ریاست نے غزہ میں قحط مسلط کر رکھا ہے۔ ان فلسطینیوں کے پاس کھانے کو کچھ ہے اور نہ پینے کو۔