ئ* منہاج القرآن لاہور نے استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوسوں کا شیڈول جاری کر دیا

اتوار 17 اگست 2025 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2025ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کااجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر لاہور اقبال حسین باجوہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوسوں کے شیڈول اور روٹس کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز اور یونین کونسلز میں 100سے زائد مقامات سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔

ان جلوسوں میں تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، پاکستان عوامی تحریک اور دیگر فورمز کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشعل بردار جلوسوں میں عوام الناس، تاجربرادری، مزدور، کسان، وکلا، طلبا، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ناظم منہاج القرآن لاہور ناظم علی رحمت، کیپٹن (ر) عبدالمجید،علامہ شاہد اقبال یوسفی، ممتازخان کچھی، حاجی خالد محمود،علامہ احسن اویس،اشرف بھٹی، معین احمد صدیقی دیگر رہنما شریک تھے۔اجلاس میں بتایا گیا23 اگست کو نشاط کالونی لاہور،25اگست کومغل پورہ چوک سے شالیمار چوک تک،26 اگست مناواں سے جلو موڑ،27 اگست مسجد نقش لاثانی سے چوک سید شالا مارچ، 30اگست شیر شاہ روڈ سے چاہ میراں بازار،31اگست کو داروغہ والا کے علاوہ گرو مانگٹ گلبرگ،جلو موڑ چوک، آخری منٹ سٹاپ،، صدر کینٹ، بھٹہ چوک، گلشن راوی، شاہدرہ، بادامی باغ، رائے ونڈ، ٹاؤن شپ، چوہنگ، مانگا منڈی، گرین ٹاؤن، چونگی امر سدھو، والٹن روڈ، کاہنہ، چوک یتیم خانہ، سمن آباد و دیگر علاقوں سے عظیم الشان مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔

مشعل بردار جلوسوں کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما کریں گے۔ ملتان روڈ، سمن آباد، شاہدرہ، ماڈل ٹاؤن، امامیہ کالونی، اقبال ٹاؤن سے بھی مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد النبی کا اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدراقبال حسین باجوہ نے کہا کہ منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے اور ضیافت میلاد کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر 42ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئیں ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور سے لاکھوں لو گ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسا نیت حضور نبی اکرمؐ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام 1500ویں جشن ولادتِ پاک کو شایان طریقے سے منایاجائے گا،42ویں عالمی میلاد کانفرنس کو یادگار بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعثت محمدی ? پر خوشیاں منانے کا حکم اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر نعمت کے ملنے پر خوشی منانے اور شکر اداکرنے کا حکم دیا ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے آغاز پر منہاج القرآن سیکرٹریٹ، گوشہ درود، جامع شیخ الاسلام اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا، خصوصی چراغاں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے حضور نبی اکرمﷺ سے اظہار محبت و مودت کو فروغ دیا ہے۔