عمرکوٹ،بائیو لیب اور راجہ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اتوار 17 اگست 2025 17:30

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) جشن آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے خدمت اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت بائیو لیب عمرکوٹ اور راجہ میڈیکل سینٹر عمرکوٹ کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کمیونٹی کو معیاری علاج بالکل مفت فراہم کرنا تھا،کیمپ کا افتتاح چیئرمین عمرکوٹ سٹی حاجی شکیل احمد باجوہ نے کیا اور طبی عملے کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا،عوامی خدمت کے جذبے کے تحت منعقدہ اس کیمپ میں معروف اور سینئر ڈاکٹرز بشمول ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر نارائن داس، ڈاکٹر ایم۔

(جاری ہے)

لو سیٹانی اور دیگر طبی ماہرین نے دن بھر آؤٹ ڈور پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (OPD) خدمات اور سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا،کیمپ پر آنے والے مریضوں کو طبی معائنے کے ساتھ ساتھ مفت لیبارٹری ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی تاکہ محدود وسائل رکھنے والے مریض بھی جدید تشخیصی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں،اس اقدام کو مقامی لوگوں نے بے حد سراہا اور سیکڑوں افراد نے بروقت علاج کا موقع حاصل کیا،اس موقع پر مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں،کیمپ منتظمین رمیز راجہ اور زاہد اسلام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل آزادی صرف سیاسی آزادی نہیں بلکہ بیماری،جہالت اور محرومی سے نجات کا نام ہے،انہوں نے کہا کہ "انسانیت" کی خدمت ہی سب سے بڑی حب الوطنی ہے،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند قوم ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے،انہوں نےاس یقین کو دوہرایا گیا کہ قومی تعمیر اور فلاحِ عامہ میں اجتماعی کوششیں ہی یومِ آزادی کا اصل جشن ہیں،تقریب کا اختتام ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ ہوا۔

\378