مون سون سیزن کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے 45 روزہ دفعہ 144 نافذ

اتوار 17 اگست 2025 17:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے محکمہ داخلہ پنجاب کے حکم ہر مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر 45 روز کے لیے دفعہ 144 تعزیراتِ پاکستان نافذ کر دی ہے۔اس سلسلے میں جاری حکم نامے کے مطابق ندی نالوں، برساتی چشموں اور ڈیمز کے قریب عوام کے اکٹھا ہونے، نہانے یا کسی بھی قسم کی تفریحی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

(جاری ہے)

سیلابی ریلوں یا پانی کے بہاؤ والے خطرناک مقامات پر عوام کے جانے پر سختی سے ممانعت عائد کر دی گئی ہے۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ناگزیر ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ ضابطے کی مکمل پابندی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مون سون سیزن کے دوران کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔\378