معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کا 78 واں یوم آزادی منایا گیا

اتوار 17 اگست 2025 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کو معرکہ حق کے تھیم کے تحت حب الوطنی کے جذبے اور فلسطین کے عوام کے لیے دلی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمد اللہ زید نے فلسطین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ برسوں میں فلسطینی کاز کے لیے بہت کچھ کیا ہے، پاکستان کی مسلسل اخلاقی، سیاسی اور انسانی حمایت کبھی بھی نظر انداز نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنی جدوجہد میں صرف دوست نہیں بلکہ بھائی کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے مشکل وقت میں غیرمعمولی لچک کا مظاہرہ کیا ہے، آئیے آج عہد کریں کہ ہم اپنے پیارے ممالک کی ترقی میں لامتناہی کردار ادا کریں گے۔

معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے چیئرمین چوہدری نصیر احمد نے فلسطینی سفارتخانے کے ساتھ مل کر فلسطینی عوام کی حمایت میں مفت طبی کیمپ اور فنڈ ریزنگ مہم کے انعقاد کا اعلان کیا اور کہا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں، تو ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے مصائب کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ معروف انٹرنیشنل ہسپتال انصاف، وقار اور امن کے حصول میں فلسطینی عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہ کر بہترین اور ہمدردی کے ساتھ پاکستان کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

پوٹھوہار گروپ آف کمپنیز کے سی ای او ساحل نصیر نے اس بات پر زور دیا کہ یوم آزادی کو اجتماعی ذمہ داری کی تحریک بھی دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف ماضی کو عزت دینے کا نہیں ہے بلکہ اپنے حقوق کے لیے لڑنے والوں کے لیے ہمدردی، ہمت اور ثابت قدم حمایت پر مبنی مستقبل کی تعمیر کا ہے۔ایک علامتی اشارے کے طور پر ہسپتال کے احاطے میں پاکستان کے قومی رنگوں کے ساتھ فلسطینی پرچم آویزاں کیے گئے جو انصاف، لچک اور بھائی چارے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔

یوم آزادی کے جشن میں ایک بین شعبہ جاتی سجاوٹ کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ایمرجنسی نے دوسری اور بحالی، مالیات اور انسانی وسائل کے شعبوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمد اللہ زید اورچیئرمین چوہدری نصیر احمد نے جیتنے والوں میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔