قبائلی علاقوں میں مسلح گروہوں کا راج ہے، سرکاری فنڈزکا 10 فیصدیہ گروہ لیجاتے ہیں، فضل الرحمان

حکومت کی رٹ کے حوالے سے یہ بڑا سوالیہ نشان ہے، معاملات حل کرنے کے بجائے طاقت ور ادارے اپنی اتھارٹی قائم کرنے کے چکر میں ہیں، سربراہ جے یو آئی

اتوار 17 اگست 2025 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں مسلح گروہوں کا راج ہے، سرکاری فنڈز کا 10 فیصد یہ مسلح گروہ لے جاتے ہیں، تاجر کاروبار نہیں کر سکتے ہر کسی کو بھتہ دینا پڑتا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹی کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی رٹ کے حوالے سے یہ بڑا سوالیہ نشان ہے، معاملات حل کرنے کے بجائے طاقت ور ادارے اپنی اتھارٹی قائم کرنے کے چکر میں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان کے معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، ملٹی نیشنل کمپنیاں سرمایہ کاری کریں تو نوکریاں اور وسائل مقامی لوگوں کا حصہ ہے، معاملات حل کرنے کے بجائے طاقت ور ادارے اپنی اتھارٹی قائم کرنے کے چکر میں ہیں، قوانین موجود ہیں اس کے تحت سرمایہ کاری ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ فاٹا انضمام کو آٹھ دس سال ہوچکے، اب وہاں کمیٹی بنائی جاتی ہے کہ جرگہ سسٹم بحال کیا جائے،9 سال بعد جرگہ سسٹم بحال کرنے کی کیوں ضرورت پیش آئی فاٹا کے وسائل تک رسائی کے لیے انضمام کیا گیا، فاٹا میں اب بدامنی آئی تو اسے عوام پر ڈالنے کے لیے جرگہ سسٹم بحال کیا جارہا ہے،کہاں ہیں وہ سبز باغ جو قبائل کو دکھائے گئے تھے۔

انہوںنے کہاکہ سیاست دانوں اور عوام کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے، متفقہ چیزوں کو بحث میں لایا جائے، ہمارے ملک کا پارلیمانی اور سیاسی نظام سوالیہ نشان ہی عوام کے ووٹ کے حق پر ڈاکا ڈالنا نہ کل جائز تھا نہ آج جائز ہے، نیشنل ایکشن پلان اب ایک حوالہ تو رہ گیا ہے، نہ یہ آئین کا حصہ ہے نہ قانون کا حصہ، یہ صرف ایک اے پی سی کا اعلامیہ ہے، اس کے امتیازی حصوں کو ختم کیا جائے، نیشنل اکنامک پلان کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں عوام مطمئن ہو کہ یہ میری ملکیت ہے اور اس کا منافع میرا ہے، بات چیت کے ذریعے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں، بدامنی کے پیچھے عوامل کو تلاش کیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغان مہاجرین کی جبری بے دخلی کا عمل ان حالات میں مناسب نہیں ،کیٹیگریز طے کی جائیں، بہت سے افغان ہیں جنہوں نے سالہا سال سے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، بہت سے افغان طلبا ہمارے ہاں سے انجینئر اور ڈاکٹر بنے ہیں، یہ ہمارے اسکلز ہیں ان کو ضائع نہ کریں، جو طلبا ہیں ان کو تعلیم مکمل کرنے دی جائے۔