کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس ،جنوبی اضلاع کی چھ سرکاری جامعات کا تعلیمی ، تحقیقی ترقی کیلئے انقلابی اتحاد اور کنسورشیم کے قیام کیلئے اجلاس

اتوار 17 اگست 2025 19:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جنوبی اضلاع کی چھ سرکاری جامعات کا تعلیمی اور تحقیقی ترقی کے لئے انقلابی اتحاد اور کنسورشیم کے قیام کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میںپروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت و وائس چانسلر کلام بی بی انٹرنیشنل وومن انسٹیٹیوٹ، پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب خان وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پروفیسر طاہر خلیلی وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک اور پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز وائس چانسلر فاٹا یونیورسٹی نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت جامعہ کوہاٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے جامعہ کوہاٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کی سربراہی میں خطے کے جامعات کے سربراہان کا ایک میز پر اکھٹے ہونا جنوبی اضلاع کے اعلی تعلیمی شعبے میں اہم پیش رفت اورخطے کی تعلیمی ترقی کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا اور متفقہ فیصلہ کیا کہ اس کنسورشیم کے ذریعے جنوبی اضلاع کی جامعات اپنی اجتماعی صلاحیتوں کو یکجا کر کے علمی اور تحقیقی، صنعتی اور علمی روابط کو فروغ اور بین الاقوامی مسابقت میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی سمت قدم بڑھائیں گے ۔

شرکاء نے ایک انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے قیام پر باقاعدہ اتفاق کرلیا جو جنوبی اضلاع کی جامعات کو ایک طاقتور علمی اور تحقیقی نیٹ ورک میں تبدیل کردے گا جس کا مقصد جامعات کے درمیان تعلیم و تحقیق کے مشترکہ منصوبے، اساتذہ و طلبہ و طالبات کے درمیان تبادلے، انٹرنشپ کے مواقع اور ہر سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس اجلاس میں انڈسٹریلائزیشن کے دور میں طلبہ و طالبات کے لئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے واضح کیا کہ یہ اتحاد صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ جنوبی اضلاع کے طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل کی ضمانت ہے۔ہم مل کر خطے کو پاکستان اور دنیا کے تحقیقی قیام کا مرکز بنائیں گے۔ دورے کے دوران جنوبی اضلاع سے آئے ہوئے وائس چانسلرز نے شجرکاری کی سرگرمیوں میں حصہ لیاتاکہ ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے جامعہ کے کوہاٹ کے مختلف لیبارٹریز اور لائبریریز کا بھی معائنہ کیا۔ جامعہ کوہاٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے ایک جامعہ علمی معاہدہ مرتب کیا ہے جس پر جنوبی اضلاع کے وائس چانسلر جلد دستخط کرکے کنسورشیم کے اقدامات کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ معاہدے پر دستخط صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم خیبر پختونخوا مینا خان افریدی کی موجودگی میں کئے جائیں گے۔اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ اس کنسورشیم کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔