عوامی نیشنل پارٹی کی زیرِ اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس

اتوار 17 اگست 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کی زیرِ اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتیں اس امر پر متفق ہیں کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی پاکستان میں پائیدار امن و ترقی کا حصول ممکن نہیں۔کانفرنس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی کی ہر شکل کی شدید مذمت کی جاتی ہے، ان کے خاتمے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے، 18ویں آئینی ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عمل درآمد کیا جائے تاکہ صوبوں کو ان کے جائز اختیارات حاصل ہوں،نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما مولانا خان زیب، مفتی منیر شاکر اور دیگر شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا خان زیب کی شہادت کے حوالے سے قومی امن جرگہ خیبرپختونخوا کے فیصلے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے تاریخی تجارتی راستوں کو دوبارہ کھولا جائے اور سرحدی تجارت کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں لایا جائے،دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی کی جائے۔

اندرون خانہ بے گھر افراد (IDPs) کی واپسی اور ان کے لیے معاوضہ، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں، خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر فوری امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے ۔ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام عمائدین نے خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات اور بدترین سیلاب پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اے پی سی اس نتیجے پر پہنچی کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر 23 اگست کو دہشت گردی کے خلاف اسلام آباد امن مارچ کو کچھ وقت کے لیے مؤخر کیا جائے۔

اس تناظر میں اے پی سی نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد امن مارچ کی نئی تاریخ باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی ۔یہ آل پارٹیز کانفرنس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی آئین کی بالادستی، صوبوں کے مساوی حقوق اور شفاف جمہوری عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی قوتیں اپنی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گی۔