ساہیوال کول پاور پلانٹ نے تکمیل کے دس سال مکمل ، توانائی کے شعبے میں نمایاں سنگِ میل عبور کیا ہے،ترجمان

پیر 18 اگست 2025 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت قائم ساہیوال کول پاور پلانٹ نے اپنی تکمیل کے دس سال مکمل اور توانائی کے شعبے میں نمایاں سنگِ میل عبور کیا ہے۔ ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق یہ منصوبہ 31 جولائی 2015 کو شروع ہوا اور محض 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے 2017 میں 1,320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی، حالیہ سالانہ کپیسٹی ٹیسٹ (ACT) میں بھی پلانٹ نے اپنی استعداد سے بڑھ کر 1,252.03 میگاواٹ بجلی فراہم کی جو اس کی اعلیٰ کارکردگی کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پلانٹ نے عالمی معیار کے مطابق اخراج کو قابو میں رکھا جبکہ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی تربیت و شمولیت کے بعد افرادی قوت کا 70 فیصد حصہ پاکستانی ہے۔

(جاری ہے)

ساہیوال پاور پلانٹ نے نہ صرف بجلی کی فراہمی میں استحکام پیدا کیا بلکہ مقامی سطح پر روزگار، انفراسٹرکچر اور کاروباری مواقع بھی پیدا کیے، تعمیر سے لے کر آپریشن تک ہزاروں مقامی خاندان اس منصوبے کے مثبت اثرات سے مستفید ہو چکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ساہیوال پاور پلانٹ کی کہانی انجینئرنگ کی جرات مندی اور انتظامی مہارت دونوں کی داستان ہے، سپرکریٹیکل بوائلرز، جدید ٹربائنز اور مربوط نظام انتہائی کم وقت میں نصب کیے گئے،2017 کے مئی اور جون میں دونوں یونٹس مکمل ہوئے اور بجلی پیدا کرنے لگے، 3 جولائی 2017 تک سٹیشن مکمل طور پر چلنے لگا اور ملک کو وہ بیس لوڈ فراہم کیا جو اُس وقت سخت ضرورت تھی۔ اس پلانٹ نے 2025 میں ایک چھ گھنٹے کے فُل لوڈ ٹرائل کے دوران پلانٹ نے اپنی سالانہ کپیسٹی ٹیسٹ کی حد کو عبور کرتے ہوئے 1,252.03 میگاواٹ بجلی فراہم کی جب کہ ضرورت 1,243.517 میگاواٹ تھی۔