جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے رضاکار سیلاب زدگان کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں‘جاوید قصوری

پیر 18 اگست 2025 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے سیلاب کے باعث بونیر،سوات،باجوڑسمیت مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے ہزاروں کارکنان و رضاکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسیکو میں شب و روز مصروف ہیں،وفاقی و صوبائی حکومتیں تمام تر اختلافات بھلا کرسیلاب زدگان کی مدد کریں اور اس آفت سے نبرد آزما ہوں،ملک و قوم کے لئے یہ مشکل کا وقت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے 16 اگست تک بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 645 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیںجبکہ سیکڑوں لوگ زخمی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 151 افراد جان کی بازی ہار گئے، بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جس میں مزید شدت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق ستمبر کے پہلے 10دن تک مون سون کے اسپیل باقی رہیں گے۔

تربیلا ڈیم میں اس وقت خطرناک حد تک پانی بھر چکا ہے جس سے سیلاب کا خطرہ منڈیلانے لگا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال مون سون کے موسم میں آنے والے سیلاب سے ملک و قوم متاثر ہوتے ہیں مگر مجال ہے کہ ایسی نا گہانی آفات سے نمٹنے کے لئے حکمرانوں کی جانب سے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا ہو ۔ ڈیمز کی تعمیر از حد ضروری ہے تاکہ ضرورت سے زائد پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے ۔

موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے ، عالمی برادری کو اس کی جانب اپنی توجہ مبذول کرنا ہو گی۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں ،املاک کو نقصان پہنچا ہے ، سینکڑوں ایکڑ پر تیار فصلیں تباہ و برباد ہو گئیں ہیں ۔ لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہوئے کام کر رہی ہیں۔