Live Updates

عوام کو وعدوں اور نعروں سے بہلانے کا وقت چلا گیا ہے، زاہد اعوان

سیاست کا مقصد ذاتی مفاد نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے،عوام کے مسائل حل کرنے کا وقت آگیا ہے، راشد محمود اعوان

پیر 18 اگست 2025 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ضلع ملیر میں تحریک عوام پاکستان کے زیر اہتمام ایک شاندار کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح کے عہدیداران، جماعت کے رہنما، کارکنان اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ یہ تقریب عوامی جوش و خروش اور تحریک کی مقبولیت کی عکاس تھی۔ تقریب کی صدارت تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین حاجی محمد زاہد اعوان نے کی جبکہ جماعت کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

چیئرمین حاجی محمد زاہد اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک عوام پاکستان کا مقصد عوام کو ایک نیا سیاسی متبادل فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہائیوں سے عوام کو صرف وعدوں اور نعروں پر ٹالا گیا ہے، مگر اب وقت آ چکا ہے کہ عوام کے حقیقی مسائل حل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت کا بنیادی نصب العین عوام کو انصاف فراہم کرنا، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو عام کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور غریب آدمی کو باعزت زندگی دینا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عوام پاکستان صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی تحریک ہے جس کا مقصد ظلم، ناانصافی اور کرپٹ نظام کو چیلنج کرنا ہے۔ وائس چیئرمین اول محمد فرقان اعوان، سینئر وائس چیئرمین راشد محمود اعوان ودیگر رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے اور اپنے خطاب میں راشد محمود اعوان نے تحریک عوام پاکستان کے پلیٹ فارم کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد ذاتی مفاد نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے اور یہی مقصد تحریک عوام پاکستان کو دیگر جماعتوں سے ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام آج مایوسی کا شکار ہیں اور انہیں ایسے عوامی پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے جو ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ان کے مطابق اگر تحریک عوام پاکستان اپنے منشور پر ثابت قدم رہی تو بہت جلد سیاسی منظرنامے پر ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔

کارنر میٹنگ میں دونوں رہنماو?ں نے عوامی مسائل پر تفصیل سے بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں کی کمی جیسے مسائل فوری توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک عوام پاکستان ان مسائل کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے جس میں تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولتوں کی فراہمی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، قانون کی بالادستی اور عوام کو فوری انصاف فراہم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات