محمد علی رندھاوا کی قیادت میں مون سون کے موسم میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کی شاندار کارکردگی

پیر 18 اگست 2025 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی شاندار قیادت میں مون سون کے موسم میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کی کارکردگی شاندار رہی۔ محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی نے مون سون کے حالیہ موسم میں اپنی شاندار کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے سے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت اور سلامتی اس کی پہلی ترجیح ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی متحرک قیادت میں ادارے کے تمام شعبہ جات نے بھرپور محنت اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کیا تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔سی ڈی اے کی حکمتِ عملی اس سال جامع، بروقت اور عوام دوست رہی۔ واٹر مینجمنٹ وِنگ، سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ، ماحولیات وِنگ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بہترین خدمات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے فوری اقدامات ،جدید مشینری اور ماہر عملہ تعینات کیا گیا تاکہ برساتی نالوں کی صفائی اور رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات پر ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔مون سون سے قبل برساتی نالوں کی صفائی اور کچرے کی نکاسی کی گئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کے خطرات کم ہوئے اور شہریوں کی جان و مال محفوظ رہے۔

ایک مرکزی ہیلپ لائن قائم کی گئی تاکہ شہری فوری طور پر بارش سے متعلق مسائل مثلاً پانی کھڑا ہونا یا درخت گرنے کی اطلاع دے سکیں۔ اس پر عملہ فوری ایکشن لیتا رہا۔تیز ہواؤں اور طوفان کے نتیجے میں گرنے والے درختوں اور شاخوں کو بروقت ہٹا دیا گیا تاکہ ٹریفک اور آمدورفت متاثر نہ ہو۔ ساتھ ہی شجرکاری مہم بھی جاری رکھی گئی تاکہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھا جا سکے، اضافی صفائی ٹیمیں تعینات کی گئیں تاکہ کچرے کی وجہ سے نالیاں بند نہ ہوں۔

ڈینگی کے خلاف مہم اور جراثیم کش سپرے بھی کئے گئے تاکہ شہریوں کو صحت کے خطرات سے بچایا جا سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی بصیرت اور قیادت میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے تمام شعبہ جات کی بروقت کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ صحیح حکمت عملی اور ٹیم ورک کے ذریعے عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کا وژن سخت نگرانی اور عوامی خدمت کا جذبہ نہ صرف ادارے کے عملے کے لئے حوصلہ افزا ء ہے بلکہ شہریوں کے اعتماد میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔

اسلام آباد کے شہریوں نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے کی تمام کوششوں کو بھرپور سراہا ہے۔ سوشل میڈیا اور عوامی فورمز پر تعریف کے پیغامات بھی اس بات کا ثبوت ہیں کہ سی ڈی اے کی بروقت کارروائی نے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا ہے ،مون سون کا موسم ہمیشہ ایک امتحان ہوتا ہے لیکن اس سال اسلام آباد نے یہ دیکھا کہ اچھی قیادت، درست منصوبہ بندی اور موثر حکمتِ عملی کے ذریعے مشکلات کو کم کر کے عوامی خدمت کا ایک اعلیٰ نمونہ پیش کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے نے واقعی اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نبھایا ہےجو انتہائی قابل تحسین ہیں۔