حیدرآباد الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلے میں تقریب

پیر 18 اگست 2025 22:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) حیدرآباد الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کی جانب سے جشنِ آزادی ’’معرکۂ حق‘‘ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی و پاور سید وسیم حسین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو فیض اللہ ڈاہری مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے کہا کہ قوم نے 78واں یومِ آزادی اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی کامیابی شاندار طریقے سے منایا، پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جرأت اور بہادری سے وطن کا دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے دشمن کے خلاف اتحاد اور ہمت کا مظاہرہ کیا، اسی طرح معیشت کی بہتری کے لیے بھی اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او حیسکو فیض اللہ ڈاہری نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی اور "معرکۂ حق" کی فتح پر مبارکباد پیش کی اور حیسکو کی صارف دوست پالیسیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صارفین کی سہولت کے لیے ون ونڈو کسٹمر سروس، کھلی کچہریوں کا انعقاد، کسٹمر کیئر سینٹرز کا قیام، موبائل ایپ متعارف کرانے، آپریشن سب ڈویژنز کو گاڑیوں کی فراہمی، خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور حیسکو کی تاریخ میں پہلی بار پیڈ انٹرن شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ 8 فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے آزاد کر دیا گیا ہے، جن میں میمن سوسائٹی، ڈیفنس، شاہ بخاری/اسراء، بورڈ اسٹیڈیم، نعمان کالونی (ٹنڈو آدم)، اسکارپ I (شہدادپور)، پولی I اور سانگھرسٹی I شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر حیدرآباد الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کی جانب سے سی ای او حیسکو فیض اللہ ڈاہری کو سندھی اجرک، ٹوپی اور شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر ایس ای آپریشن سہیل احمد شیخ، لائزن آفیسر عامر نوید میمن، ایکسینز اور ایس ڈی اوز سمیت حیسکو کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔