Live Updates

تحریک انصاف کے منشور میں یہ شامل نہیں کہ عوام سے ووٹ لے کر پھر سیاستدان عوام کو بھول جائیں،شفقت آیاز

پیر 18 اگست 2025 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں یہ شامل نہیں کہ عوام سے ووٹ لے کر پھر سیاستدان عوام کو بھول جائیں، تحریک انصاف کا مقصد عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور شفاف طرزِ حکمرانی ہے، چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور عوامی امنگوں کے مطابق صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے اور کسی صورت عوامی مینڈیٹ کے ساتھ غداری نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ میںکوٹ منزرے بابا حجرے سمیت مختلف مقامات پر عوامی زعماء سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل سنے، فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کے ساتھ جڑنا اور ان کی خدمت کرنا ہے، اور یہی وہ سوچ ہے جو پی ٹی آئی کو باقی جماعتوں سے ممتاز کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے دفتر بلکہ اپنے حجرے کو بھی عوام کے لیے ہر وقت کھلا رکھتے ہیں تاکہ علاقے کا کوئی شخص اپنے مسائل کے حل سے محروم نہ ہو۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کی زندگی کا مشن ہے اور وہ دن رات اپنی بساط سے بڑھ کر کوشش کر رہے ہیں کہ تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں ترقیاتی منصوبے بھی اسی وژن کا حصہ ہیں جن میں بہتر تعلیمی ادارے، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نوجوانوں کے لیے آئی ٹی اور ہنر مندی کے پروگرام شامل ہیں۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبہ ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے جہاں نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا اور عوامی مسائل کو عوامی شراکت سے حل کیا جائے گا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ تحریک انصاف ایک نظریاتی تحریک ہے جس کے بانی عمران خان نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا اصل مرکز قرار دیا ہے۔ اسی وژن کے تحت وہ اپنے علاقے کے عوام کے ساتھ ہر خوشی اور غم میں کھڑے ہیں اور ان کا عزم ہے کہ عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات