Live Updates

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ادینہ صوابی میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز

پیر 18 اگست 2025 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)صوبائی وزیر تعلیم نے سکول میں صوبائی حکومت کی طرف سے ایک بیٹی ایک درخت کے نام سے شروع کردہ مہم کے تحت درخت لگا کر باقاعدہ آغاز کیا۔انہوں نے طلباء و طالبات میں فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پودے بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز صوابی بھی وزیر تعلیم کے ہمراہ تھے ۔

ایک بیٹی ایک درخت کے نام سے شروع کردہ یہ مہم محکمہ تعلیم کی طرف سے صوبہ بھر کے ہر سکول میں جاری رہے گی اور صوبہ بھر میں طلباء و طالبات اور اساتذہ لاکھوں کی تعداد میں درخت اور پودے لگا کر کلین اینڈ گرین خیبر پختونخوا میں حصہ لیں گے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ تعلیم اس قسم کے مہمات میں حصہ لے کر آنے والی نسلوں کو کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ سے آگاہ کر رہا ہے اور ان مسائل پر قابو پانے کے لئے درخت لگانا ہی واحد حل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پورا پاکستان اس وقت کلائمیٹ چینج کی لپیٹ میں ہے اور حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہو نے کے ساتھ اربوں روپے کا نقصان ہوا، روڈز، سکول، ہسپتال اور عوام کے گھر تباہ ہو گئے جس کی بنیادی وجہ کلائمیٹ چینج ہے اور ہم صرف درخت لگا کر ہی ان پر قابو پا سکتے ہیں ورنہ آنے والے چند سالوں میں موسمیاتی تبدیلی کیساتھ ساتھ ہمیں اس قسم کی شدید مصیبتوں کا سامنا کرنا ہوگا ہم اپنے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ اس قسم کے نقصانات اور مسائل پر صرف شجر کاری کر کے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔

وزیر تعلیم نے صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور تمام طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ اس جاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ہر بچہ کم از کم ایک پودا لگا کر اپنے حصے کا حق ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بھی شجرکاری کی انتہائی اہمیت ہے اور درخت لگانا صدقہ جاریہ کے زمرے میں آتا ہے۔ جس کے ثمرات اگلی نسلوں کو منتقل ہوتے ہیں وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے کیونکہ ہمارا پورا ملک اس کی لپیٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جس نے اس کی آگاہی بھی دی اور عملی اقدامات بھی کئے ان کے دور میں بلین ٹری سونامی 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں کا اغاز ہوا۔ سابقہ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے اپنے دور میں صوبہ بھر کے سکولوں میں کلین اینڈ گرین سکولز پروگرام کا آغاز کیا جس کی بدولت آج صوبہ بھر کے سکول صاف ستھرے اور سرسبز و شاداب ہیں۔

ہم نے اسی طرح روں سال کی اس مہم کو کامیاب بنانا ہے اور اپنے گھروں اور سکولوں کے احاطوں میں درخت لگانے ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے اقدامات کریں اور سکولوں میں منعقدہ شجرکاری مہم کی بھی بذریعہ سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تشہیر کریں تاکہ عوام میں مزید آگاہی پیدا ہو سکے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ نئے سکولوں کی فیزیبلٹی اور سائیٹ سلیکشن پر خصوصی توجہ دیں اور محفوظ مقامات پر سکولوں کی فیزیبلٹی بنائیں تاکہ ان کے متاثر ہونے کا خطرہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم انرولمنٹ ڈرائیو کی طرح ہر سال شجر کاری مہم کے لئے بھی اقدامات کرے گا۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ ہم نے گلوبل وارمنگ اور کلائمیٹ چینج پر خصوصی توجہ دینی ہے۔ ہمیں بین الاقوامی اداروں کی معاونت لینی ہوگی۔ ہمارے ریسرچرز کو ان پر ریسرچ کرنی چاہیے اور صوبہ بھر کے عوام کو اس کے خطرناک اثرات سے نمٹنے کے لیے آگاہی دینی ہوگی۔ تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صوابی شکیل احمد نے بھی خطاب کیااور صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کردہ شجرکاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کرنے کے لیے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات