ایشیا کپ میں پاک-بھارت ٹاکرا: ٹی وی اشتہار کے ریٹ آسمان کو چھونے لگے

بھارتی ٹی وی چینلز پر اس میچ کے لیے 10 سیکنڈ کے اشتہار 16 لاکھ بھارتی روپے تک جا پہنچا

پیر 18 اگست 2025 23:18

اسلام آباد /نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، بھارتی ٹی وی چینلز پر اس میچ کے لیے 10 سیکنڈ کے اشتہار 16 لاکھ بھارتی روپے تک جا پہنچا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ٹی20 فارمیٹ پر مشتمل ایونٹ کا افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کرنے کے مطالبات کے باوجود نہ صرف ایشیاکپ کا انعقاد کیا گیا بلکہ دونوں ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں بھی رکھا گیا۔رپورٹس کے مطابق ایشیاکپ میں کو پریزینٹنگ پارٹنرشپ کا ریٹ 18 کروڑ بھارتی روپے ہے جب کہ ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کا ریٹ 13 کروڑ بھارتی روپے رکھا گیا ہے اور اشتہار کے پیکیج کی قیمت ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپے ہے۔واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سنسنی خیز میچ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔