جنوبی وزیرستان میں نجی اسکول کا مالک اور شمالی وزیرستان میں تحصیل دار اغوا

اسکول مالک رحمت اللہ وزیر کو وانا میں اسکول آتے وقت اغوا کیا گیا،مسلح افراد کی فائرنگ سے دو شہری زخمی، طلبا کا احتجاج

پیر 18 اگست 2025 21:05

وانا/ میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)جنوبی وزیرستان میں نجی پبلک اسکول کے مالک اور شمالی وزیرستان میں میرعلی سب ڈویڑن کے تحصیل دار کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق رحمت اللہ وزیر کو وانا میں اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ گھر سے اسکول آرہے تھے، اغوا کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

مغوی پرنسپل کے بیٹے نے کہا کہ اغوا کار گاڑی میں سوار تھے جن کی تعداد چار سے پانچ تھی، اغوا کے خلاف ہزاروں طلبا سڑکوں پر نکلے ہیں۔بعدازاں اغوا کے خلاف آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے احتجاجی نیوز کانفرنس کی اور کہا کہ رحمت اللہ وزیر کو بازیاب نہ کرایا گیا تو پہیہ جام ہڑتال ہوگیا۔دریں اثنا شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سب ڈویڑن میں تحصیل دار کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم کے مطابق تحصیل دار شیوہ جاوید اللہ وزیر کو میر علی بائی پاس روڈ سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا، ضلعی انتظامیہ بازیاب کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کررہی ہے۔