Live Updates

صوابی ، ڈلورائی میں طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک فوج اور ایف سی نارتھ کی امدادی ٹیموں کا ریسکیو آپریشن شروع

پیر 18 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقے ڈلورائی میں طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ پاک فوج اور ایف سی نارتھ کے جوانوں نے تحصیل ٹوپی کے متاثرہ علاقوں ڈلورائی، سرکوئی اور بادہ میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بونیر، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں بھی پاک فوج کا فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کور آف انجینئرز کے دستوں نے متاثرہ علاقوں کو ملانے والی متعدد رابطہ سڑکیں کھول دی ہیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں آسانی پیدا ہو سکے۔پاک فوج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیئے ہیں جہاں متاثرین کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو راشن اور بستر جیسی بنیادی ضروریات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ عوام نے بروقت کارروائیوں اور امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج اور ایف سی نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات