ایف بی آر مہم جوئی چھوڑ کر پنجاب ریو نیو اتھارٹی کی تقلید کرے ‘ ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن

بہت سے کاروباری افراد اپنا سرمایہ سمیٹ کر بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں ‘ سینئر ممبر چودھری امانت بشیر

منگل 19 اگست 2025 12:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے سینئر ممبر چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ ایف بی آر مہم جوئی چھوڑ کر پنجاب ریو نیو اتھارٹی کی تقلید کرے ،حکومت کو تجویز ہے کہ ٹیکس ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لائے تاکہ معاشی سر گرمیاں فروغ پا سکیں ، پالیسی ریٹ انتہائی زیادہ ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہت سے کاروباری افراد اپنا سرمایہ سمیٹ کر بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں جسے سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے ، پولیس، ایف بی آر سمیت دیگر محکمے خوف و ہراس کا باعث ہیں ، جو تاجر سالانہ لاکھو ں،کروڑوں روپے کا ٹیکس دیتے ہیں انہیں عزت و احترام ملنا چاہیے لیکن انہیں خوف و ہراس کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ چودھری امانت بشیر نے کہا کہ یہاں پر اربوں روپے کا کاروبار کرنے والے بھی آنے والے حالات کی وجہ سے تذبذب کا شکار ہیں اور پاکستان میں رہتے ہوئے دبئی ، پرتگال سمیت دیگر ممالک میں جائیدادیں خرید رہے ہیں ، یہی صورتحال نوجوانوں کی ہے جو اعلیٰ ڈگریاں حاصل کر کے اور ہنر سیکھ کر اپنے ملک کی بجائے بیرون ممالک جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔