پاکستان اور بنگلہ دیش کا توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار

منگل 19 اگست 2025 14:34

پاکستان اور بنگلہ دیش کا توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں باہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) پاکستان اور بنگلہ دیش نے توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین نے وزارتِ پٹرولیم میں ملاقات کی جس میں چونے کے پتھر، کوئلے اور پٹرولیم مصنوعات جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف بنگلہ دیش کے بھائیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ دونوں ممالک کو اقتصادی ترقی اور توانائی کے تحفظ میں فائدہ حاصل ہو۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تلاش و دریافت (ایکسپلوریشن) کے شعبے میں شراکت داری کے امکانات، چونے کے پتھر، کوئلے، اور پٹرولیم مصنوعات کی تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ان شعبوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے معلومات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مواقع کی اہمیت پر زور دیا۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی آمادگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا تعاون علاقائی استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں بنگلہ دیش کی دلچسپی کا اعادہ بھی کیا۔یہ ملاقات پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور توانائی و معدنی وسائل کے شعبوں میں باہمی ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔