مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، سرفرازاحمد رانا

منگل 19 اگست 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) مسلم کانفرنس ویلی تھری کے صدر اور حلقہ ویلی 3 کے ٹکٹ ہولڈر سرفراز احمد رانا نے اپنے ایک اہم اخباری بیان میں واضح کیا ہے کہ مہاجرین کی مخصوص نشستوں کو ختم کرنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند بھارتی ایجنٹ اور ان کے سہولت کار آزاد کشمیر کے پرامن سیاسی ماحول کو مقبوضہ کشمیر جیسا بنانا چاہتے ہیں تاکہ مہاجرین کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کر کے کشمیری تحریک میں تقسیم پیدا کی جا سکے، تاہم مسلم کانفرنس ان ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنائے گی۔

سرفراز احمد رانا نے کہا کہ مہاجرین پاکستان میں بیٹھ کر بھی تحریک آزادی کشمیر کے اصل وارث ہیں اور انہیں دی گئی نشستیں کوئی سیاسی رعایت نہیں بلکہ ان کی تاریخی جدوجہد، قربانیوں اور استقامت کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے ہر دور میں مہاجرین کی ترجمانی کی اور انہیں عزت و احترام کے ساتھ ان کے حقوق دلائے۔

ان کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں، مسلم کانفرنس واحد جماعت ہے جس نے عملاً مہاجرین کو فیصلہ سازی کے ایوانوں میں نمائندگی دی۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کی آواز کو دبانے اور انہیں سیاست سے دور رکھنے کی یہ کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دشمن قوتیں آج بھی کشمیری قوم کو تقسیم کرکے تحریک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ لیکن کشمیری عوام متحد ہیں، اور مسلم کانفرنس مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مہاجرین کی نشستوں کو ختم کرنے کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو بھرپور عوامی مزاحمت کی جائے گی اور مسلم کانفرنس اس مقصد کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ سرفراز احمد رانا نے حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی شرپسندانہ سازشوں کا حصہ نہ بنیں، ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔