ووٹ چوری،آئین پراوربھارت کی روح پر حملہ ہے، راہول گاندھی

الیکشن کمیشن اور مودی حکومت کو ملک اور آئین پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے

منگل 19 اگست 2025 17:05

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)بھارت میں حزب اختلاف کی کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہاہے کہ ووٹ چوری،آئین پر حملہ ہے،بھارت کی روح پر حملہ ہے۔ الیکشن کمیشن اور مودی حکومت دونوں کو ملک اور آئین پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے آج ریاست بہار کے علاقے گیامیں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تینوں الیکشن کمشنروں پرکڑی تنقید کی ۔

انھوں نے کہا کہ تینوں الیکشن کمشنر سن لیں۔ ابھی نریندر مودی کی حکومت ہے اور آپ ان کیلئے کام کر رہے ہیں۔ لیکن ایک دن آئے گا، جب ملک اور بہار میں انڈیا بلاک کی حکومت ہوگی، پھر ہم آپ تینوں کو دیکھیں گے۔ انہوں نے فیصلہ کن انداز میں کہاکہ آپ کے خلاف کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی طرف سے حلف نامے طلب کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی کہا کہ الیکشن کمیشن کی چوری پکڑی گئی تو الیکشن کمیشن ہم سے حلف نامے مانگ رہا ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے کہاکہ تھوڑا وقت دو، پورا بھارت آپ سے حلف نامے طلب کرے گا۔ الیکشن کمیشن سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے مزیدکہاکہ ہم بھارت بھر میں آپ کی چوری پکڑ کر لوگوں کو دکھانے جا رہے ہیں۔انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کاذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کئی سال سے انتخاب میں دھاندلی جاری تھی ۔ ہریانہ اور مہاراشٹر کا انتخاب بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے مل کر چوری کیا۔

مہاراشٹر انتخاب کے بعد معلوم ہوا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں بھی ووٹ چوری کئے ہیں۔ کرناٹک میں ایک اسمبلی سیٹ کی ووٹر لسٹ چیک کی تو پتہ چلا کہ وہاں ایک لاکھ سے زائد جعلی ووٹ ڈالے گے ہیں۔راہل گاندھی کے خطاب کے دوران پارٹی کارکنوں نے الیکشن کمیشن اور مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔