Live Updates

فوج کا ایک دن کا راشن سیلاب متاثرین کیلئے مختص کیا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشترکہ میڈیا بریفنگ میں مون سون بارشوں، سیلاب اور کلاوڈ برسٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 15:21

فوج کا ایک دن کا راشن سیلاب متاثرین کیلئے مختص کیا گیا، ڈی جی آئی ایس ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، فوج کا ایک دن کا راشن سیلاب متاثرین کیلئے مختص کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے میڈیا بریفنگ کے دوران مون سون بارشوں، سیلاب اور کلاوڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں سڑکوں کا انفرا اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا، مجموعی طور پر کے پی میں 90 سڑکیں تباہ ہوئیں، سڑکوں کی بحالی کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں، دو انجینیر بٹالیئن کے پی اور دو گلگت میں تعینات ہیں، 3 میڈیکل یونٹس گلگت اور خیبر پختونخواہ میں تعینات ہیں، میڈیکل کیمپس میں ابھی تک 6 ہزار سے زائد زخمیوں کو علاج معالجہ فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایات پر ایڈیشل یونٹس کو متحرک کیا گیا، بونیر، شانگلہ میں میڈیکل یونٹس فعال ہیں، زخمیوں کو علاج فراہم کیا جارہا ہے، فیلڈ مارشل کی ہدایت پر فوج کا ایک دن کا راشن مختص کیا گیا، متاثرین میں راشن بذریعہ روڈ اور بذریعہ ہیلی کاپٹر بھی پہنچایا جارہا ہے، متعدد پلوں کی تعمیر کی گئی ہے سڑکیں کھولی گئی ہیں، اس وقت بونیر میں دو بٹالین موجود ہیں، میڈیکل بٹالین کے علاوہ سی ایم ایچ راولپنڈی سے بھی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں میں 670 افراد جاں بحق اور ایک ہزار کے قریب زخمی ہوئے، سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے، لاپتا کچھ افراد کی لاشیں ریکور کی ہیں، سرچ این ریسکیو ٹیمیں سرچنگ کے عمل میں مصروف ہیں، حالیہ مون سون میں زیادہ بارشیں ہوئیں، این جی اوز نے ہمارے ساتھ مل کو کام کیا، انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے وزیراعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا، پچھلے چند دنوں میں مشترکہ کاوشوں سے 25 ہزار افراد کو ریکسیو کیا، زخمیوں کا علاج بہتر انداز میں جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کلاوڈ برسٹ سے زیادہ تباہی ہوئی، شمالی علاقہ جات اور کے پی میں انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، ہماری ٹیکنیکل ٹیم نے صورتحال کا بغور جائزہ لیا، بارش سے متعلق آگہی ایپ لیکیشن پر اپ لوڈ کی جارہی ہیں، این ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر تمام ڈیٹا موجود ہے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کا عملہ سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہے، 22 یا 23 اگست تک سڑکوں کی مکمل بحالی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، ادویات اور راشن کی سپلائی کو یقینی بنارہے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے پیکجز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اس موقع پر عطا تارڑ نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر کو ڈیل کرنے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم بنایا گیا تھا، پہلے روز سے صوبوں اور متعلقہ اداروں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں، تمام تر معلومات رئیل ٹائم میں متعلقہ اداروں کو فراہم کی جارہی ہیں، مجموعی طور پر 25 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، حالیہ مون سون سیزن میں جانوں کا نقصان ہوا، مالی نقصان بھی ہوا، وزیراعظم نے کہا ہے متاثرین کو ریلیف پہنچائیں گے، وزیراعظم نے کہا نیشنل ڈیزاسٹر میں سب مل کر کام کریں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات