بریگیڈیئر بابر علائوالدین کا لاہور میوزیم کا دورہ ،سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

منگل 19 اگست 2025 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے لاہور میوزیم کا دورہ کیا،جس کا مقصد شہریوں کوفراہم کی جانے والی سہولیات بارے معلومات اکھٹا کرنا تھا۔ معاون خصوصی بریگیڈیئر بابر علائوالدین نے کہا کہ لاہور میوزیم کا مشن پاکستان کے ثقافتی، بصری اور مادی ورثے کا تحفظ اور فروغ ہے۔

لاہور میوزیم کی سرخ اینٹوں کی شاندار عمارت شاہراہ قائداعظم پرواقع ہے جسے پہلے مال روڈ کہا جاتا تھا۔اس نے 1894 میں عوام کیلئے اپنے دروازے کھولے،جو مغل اور برطانوی نوآبادیاتی فن تعمیر کا مرکب ہے۔بریگیڈیئر بابر علا ئوالدین نے کہا کہ لاہور میوزیم کے مستقل ذخیرے میں تاریخی، ثقافتی اور فنی قدر کے تقریباً 60,000 نوادرات موجود ہیں، یہ اشیا پاکستان کے قدیم اور عصری ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں اور ان میں اسلامی، بدھ مت، سکھ، ہندو اور جین کی تاریخیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی بریگیڈیئر بابر علائوالدین نے ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے اور میوزیم کو لوگوں کیلئے مزید پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسی بھی قسم کی ضرورت کے پیش نظر اس میوزیم کو نہ صرف پاکستانیوں بلکہ غیر ملکی سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنائے گی،پاکستانی قوم اپنی ثقافتی اور تاریخی اقدار سے مالا مال ہے کیونکہ اسکی800 سال سے زائد کی تاریخ ہے۔