وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی

منگل 19 اگست 2025 17:58

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا اعلان کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے جمعے کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12.84 روپے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 272.99 روپے فی لیٹر مقرر کی، جس سے بسوں، ٹرینوں اور زرعی مشینری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کرایوں میں کمی کو نظرانداز کریں یا تاخیر کریں تو اس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بس اڈوں اور ٹرانسپورٹ ٹرمینلز پر نئے کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام کو مکمل آگاہی حاصل ہو۔ضلعی انتظامیہ اور صوبائی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی حکم دیا گیا کہ نئے کرایوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔وفاق نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 7.19 روپے کمی کر کے 178.27 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8.20 روپے کمی کر کے 162.37 روپے فی لیٹر کر دی ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت 264.61 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔