وزیراعلیٰ کی بیرونی تجارت کے جاپانی ادارے جیٹرو کے صدر سے ملاقات

منگل 19 اگست 2025 18:52

وزیراعلیٰ کی بیرونی تجارت کے جاپانی ادارے جیٹرو کے صدر سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیرونی تجارت کے جاپانی ادارے (جیٹرو) کے صدرنوری ہیکواشیگوروسے ملاقات کی۔ نوری ہیکو اشیگورو نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے دورہ جاپان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

پنجاب کے نجی اور سرکاری شعبے کے ساتھ جیٹرو کو مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور جاپانی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پنجاب میں مصنوعات کی تیاری اور اسمبل کرنے کی بھی دعوت دی۔ ٹیکس فری اسپیشل اکنامک زونز میں زمین مفت فراہم کرنے کی سہولت دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی پارکس بنانے کی بھی دعوت دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں لیبر کی تربیت اور جاپان میں کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع کے بارے میںجاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے سربراہ کو آگاہ کیا ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نواز شریف آئی ٹی پارک پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔و زیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جیٹرو کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب مڈل ایسٹ اور افریقہ کے لئے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔

پنجاب ایک بڑی مارکیٹ ہے جس سے جاپانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستان نوجوانوں کی اکثریت رکھنے والا ملک ہے۔ چاہتے ہیں کہ جاپانی کمپنیاں پنجاب میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے میں ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی پارک میں زیر تعمیر ٹوئن ٹاورکا پراجیکٹ بہت جلدمکمل ہوجائے گا۔ نواز شریف آئی ٹی پارک میں آئی ٹی بزنس کے لئے دنیا کے معروف ادارے رابطہ کررہے ہیں۔

پنجاب کو جاپان کی طرز پر ٹیکنالوجی کی بلندیوں پر لیجانا چاہتے ہیں۔ پنجاب جاپان کو سرجیکل آلات، لیدر مصنوعات اور کھیلوں کا سامان مہیا کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب جاپان کے لئے عمدہ باسمتی رائس کی برآمدکا حجم بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ پنجاب میں 20 آپریشنل سپیشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے دستیاب ہیں۔