اسلام آباد میں مسجد کے معاملے پر علماء اور حکومت کے درمیان معاہدہ

گرین بیلٹ سے ہٹائی جانے والی مدنی مسجد سرکاری خرچ پر دوبارہ تعمیر کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 16:23

اسلام آباد میں مسجد کے معاملے پر علماء اور حکومت کے درمیان معاہدہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد کے معاملے پر علماء اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ اطلاعات کے مطابق معاہدے میں کہا گیا ہے کہ آج مورخہ 19 اگست 2025ء بروز منگل مدنی مسجد ( راول ڈیم ) چوک اسلام آباد کے قضیہ کے معاملہ میں اسلام آباد انتظامیہ اور علماء ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد باہمی مشاورت سے طے پایا ہے کہ مسجد کی تعمیری ڈی اے چار ماہ میں مکمل کرے گی۔

معاہدے میں بتایا گیا ہے کہ اس دورانیہ میں باہمی مشاورت سے مدنی مسجد کے مقام پر پانچ وقت با جماعت نماز کے لیے ترتیب بنائی جائے گی جب کہ پچاس مساجد سے متعلق جو نوٹیفیکیشن جاری ہوا تھا وہ جعلی ہے اس حوالے سے انتظامیہ نے کوئی لسٹ جاری نہیں کی یہ محض افواہ ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ مساجد کے کسی بھی معاملہ میں انتظامیہ علماء ایکشن کمیٹی سے مشاورت کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں انتظامیہ نے گرین بیلٹ پر قائم مدنی مسجد کو ہٹا دیا تھا جس پر علماء کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، گرائی گئی مسجد کی جگہ پر نماز ادا کی گئی اور ساتھ ہی وہاں پر انتظامیہ کی طرف سے لگائے گئے پودے بھی ہٹادیئے گئے جس کے بعد مقامی علماء نے اسلام آباد میں انتظامیہ کی جانب سے گرائی جانے والی جامع مسجد مدنی کی دوبارہ بنیاد بھی رکھ دی تھی۔

اس حوالے سے علماء کرام نے اعلان کیا کہ اسی مقام پر دوبارہ مسجد تعمیر کی جائے گی، چیئرمین مرکزی علماء کونسل و نائب صدر ملی یکجتہی کونسل پاکستان اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مدنی مسجد شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد کے علمائے کرام کی طرف سے شہید مسجد کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔